منگل 4 اگست 2026 - 21:57
عزاداریِ امام حسین (ع) کو محدود کرنے کی کسی سازش کی اجازت نہیں دیں گے

حوزہ / مرکزی نائب صدر شیعہ علماء کونسل پاکستان نے کہا: عزاداری کسی مسلک یا مذہب کے خلاف نہیں بلکہ یزیدی کریہہ چہرے کو بے نقاب کرنے کے لیے ہے۔ چاردیواری کے اندر مجالس پر ایف آئی آر یا فورتھ شیڈول میں ڈالنے کی دھمکیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر اور نیشنل رحمت للعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی کے رکن علامہ عارف حسین واحدی نے حضرت سیدالشہداء امام حسین علیہ السلام کے چہلم کی مناسبت سے راولپنڈی کے تاریخی مرکزی جلوسِ علم و ذوالجناح میں فوارہ چوک کے مقام پر وفد کے ہمراہ شرکت کی۔

اس موقع پر علامہ عارف حسین واحدی نے مختلف ماتمی انجمنوں، عزاداران، علمائے کرام، مذہبی و سماجی شخصیات، جلوس کے بانیان، ڈویژنل و ضلعی امن کمیٹی کے اراکین اور ضلعی انتظامیہ کے ذمہ داران سے ملاقاتیں کیں۔

انہوں نے مرکزی جلوس کے انتظامات کا جائزہ لیا اور راولپنڈی شاہین فورس کے ذمہ داران و رضاکاروں سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے عزاداران کی خدمت، نظم و ضبط اور امن و امان کے قیام کے لیے شاہین فورس کی خدمات کو سراہتے ہوئے رضاکاروں کی حوصلہ افزائی کی۔

عزاداریِ امام حسین (ع) کو محدود کرنے کی کسی سازش کی اجازت نہیں دیں گے

علامہ عارف حسین واحدی نے علم، ذوالجناح اور تعزیے کی زیارت بھی کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا: عزاداریِ امام حسین علیہ السلام اہل بیت علیہم السلام سے محبت، دینی شعائر اور آئینی و مذہبی حقوق کا مظہر ہے۔ عزاداری کو محدود کرنا اور حتیٰ کہ چاردیواری کے اندر منعقد ہونے والی مجالس پر قدغن لگانا آئین پاکستان کی خلاف ورزی اور ایک سازش ہے جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں اور اسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا: جو قوتیں ذکرِ حسین (ع) کو روکنے کی کوشش کریں گی، وہ درحقیقت یزیدی سوچ کی نمائندگی کریں گی۔ عزاداری کسی مسلک یا مذہب کے خلاف نہیں بلکہ یزیدی کریہہ چہرے کو بے نقاب کرنے اور مظلومیت و حق و صداقت کا پیغام عام کرنے کا ذریعہ ہے۔

مرکزی نائب صدر شیعہ علماء کونسل پاکستان نے چاردیواری کے اندر مجالس منعقد کرنے پر ایف آئی آر درج کرنے یا عزاداران و منتظمین کو فورتھ شیڈول میں ڈالنے کی دھمکیوں کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا: مذہبی آزادی اور آئینی حقوق کو سلب کرنے کی کسی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

عزاداریِ امام حسین (ع) کو محدود کرنے کی کسی سازش کی اجازت نہیں دیں گے

علامہ عارف حسین واحدی نے عزاداران سے اپیل کی کہ وہ مکمل صبر، نظم و ضبط، اتحاد اور سکون کے ساتھ عزاداری جاری رکھیں اور قانون و ضابطے کی پابندی کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی قیادت میں شیعہ علماء کونسل پاکستان عزاداران کے آئینی، قانونی اور مذہبی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر وقت میدانِ عمل میں موجود ہے اور عزاداری کے خلاف کسی بھی قسم کی سازش یا پابندی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha